افتخار عارف

شیعہ اشعار سے

عنوان دل و نگاہ کی دنیا نئی نئی ہوئی ہے

تعارف

یہ محترم افتخار عارف کی مشہور و معروف نعتیہ کلام ہے جس میں آپ نے رسول اکرم ص کی بارگاہ میں انتہائی خوبصورت انداز میں ہدیہ عقیدت پیش کیا ہے

مکمل کلام

دل و نگاہ کی دنیا نئی نئی ہوئی ہے
درود پڑھتے ہی یہ کیسی روشنی ہوئی ہے
میں بس یوں تو نہیں آگیا ہوں محفل میں
کہیں سے اذن ملا ہے تو حاضری ہوئی ہے
جہان کن سے ادھر کیا تھا کون جانتا ہے
مگر وہ نور کہ جس سے یہ زندگی ہوئی ہے
ہزار شکر غلامان شاہ بطحا میں
شروع دن سے مری حاضری لگی ہوئی ہے
بہم تھے دامن رحمت سے جب تو چین سے
جدا ہوئے ہیں تو اب جان پر بنی ہوئی ہے
یہ سر اٹھائے جو میں جا رہا ہوں جانب خلد
مرے لیے مرے آقا نے بات کی ہوئی ہے
مجھے یقیں ہے وہ آئیں گے وقت آخر بھی
میں کہہ سکوں گا زیارت ابھی ابھی ہوئی ہے

حوالہ جات

باغ گل سرخ ص، 51و52

مآخذ

عارف،افتخار حسین،

باغ گل سرخ،  انجمن ترقئ ہند نئی دہلی،2021