موجِ ادراک:
معلومات | |
---|---|
شاعر کا نام | محسن نقوی |
قالب | قطعہ |
وزن | مفعول مفاعیل مفاعیل فعُولن |
موضوع | تخلیق کائنات اور رسول اکرم ؐ کی خلقت |
زبان | اردو |
تعداد بند | 86 بند |
تعارف
مکمل کلام
یہ دشت یہ دریا یہ مہکتے ہوئے گلزار | ||
اس عالم امکاں میں ابھی کچھ بھی نہیں تھا | ||
اک "جلوہ" تھا سو گم تھا حجاباتِ عدم میں | ||
اک "عکس" تھا، سو منتظر چشم یقیں تھا | ||
یہ موسم خوشبو یہ گہر تابیِ شبنم | ||
یہ روق ہنگامۂ کونین کہاں تھی؟ | ||
گلنار گھٹاؤں سے یہ چھنتی ہوئی چھاؤں | ||
یہ دھوپ، دھنک، دولتِ دارین کہاں تھی؟ | ||
یہ نکہتِ احساس کی مقروض ہوائیں | ||
دلدارئ الہام سے مہکے ہوئے لمحات | ||
دوشیزۂ انفاس کی تسبیح کے تیور | ||
کس کنجِ تصور میں تھے مصروف مناجات؟ | ||
"شیرازۂ آئینِ قدم" کے سبھی اعراب | ||
بے ربطی اجزائے سوالات میں گم تھے | ||
یہ رنگ یہ نیرنگ یہ اور نگ یہ سب رنگ | ||
اک پردۂ افکار و خیالات میں گم تھے! | ||
یہ پھول یہ کلیاں یہ چٹکتے ہوئے غنچے | ||
بے آب و ہوا، تشنۂ آیات و مناجات | ||
یہ برگ، یہ برکھا، یہ لچکتی ہوئی شاخیں | ||
بیگانہ آدابِ سحر ہے نمِ جذبات | ||
کہسار کے جھرنوں سے پھسلتی ہوئی کرنیں | ||
اک خواب مسلسل کے تحیر میں نہاں تھیں! | ||
چپ چاپ فضاؤں میں مچلتی ہوئی لہریں | ||
ماحول کے بے نطق تصور پہ گراں تھیں | ||
غم خانۂ ظلمت نہ کوئی بزمِ چراغاں | ||
خورشید نہ مہتاب، نہ انجم نہ کواکب | ||
شورش گہ "کن" تھی نہ یہ آوازِ دمادم | ||
تفریق من و تو نہ مساوات و مراتب | ||
ہنگامۂ شادی نہ کوئی مجلسِ ماتم! | ||
یلغارِ حریفاں نہ جلوس غم یاراں | ||
آنکھوں میں کوئی زخم نہ سینے میں کوئی چاک | ||
انبوه رقیباں نہ رخ لالہ عذاراں | ||
افلاس کا احساس نہ پندارِ زر و سیم | ||
بخشش کے تقاضے نہ یہ دریوزہ گری تھی | ||
پتھر کا زمانہ تھا نہ شیشے کے مکاں تھے | ||
یہ عقل کا دستور نہ شوریدہ سری تھی | ||
مقتول کی فریاد نہ آوازۂ قاتل | ||
مقتل تھے نہ شہ رگ میں لہو تھا نہ ہوس تھی | ||
دربار نہ لشکر نہ کوئی عدل کی زنجیر | ||
دل تھا نہ کہیں تیرگئ کنجِ قفس تھی | ||
رہبر تھے نہ منزل تھی نہ رستے ، نہ مسافر! | ||
قندیل نہ جگنو نہ ستارے نہ گہر تھے | ||
یہ اَبیض و اَسود نہ اَب و جد نہ زر و سیم | ||
انساں تھے نہ حیواں، نہ حجر تھے نہ شجر تھے | ||
ہر سمت مسلط تھے تحیر کے طلسمات! | ||
جیسے کسی مدفن میں ہو صدیوں کا کوئی راز | ||
جس طرح کسی اُجڑے ہوئے شہر کے سائے | ||
یا موت کی ہچکی میں پگھلتی ہوئی آواز | ||
جیسے کسی گھر میں صفِ ماتم کی خموشی | ||
یا دشت و بیاباں میں نزولِ شب آفات | ||
جیسے کسی کہسار پہ تنہا کوئی خیمہ! | ||
یا شامِ غریباں کے تصرف میں سمٰوات | ||
ہولے سے سرکنے لگے ہستی کے حجابات | ||
دھیرے سے ڈھلکنے لگا تخلیق کا آنچل | ||
چھن چھن کے بکھرنے لگا "شیرازۂ کُن –کُن" | ||
رِم جھم سے برسنے لگے احساس کے بادل | ||
پلکیں سی جھپکنے لگی دوشیزۂ کونین! | ||
ہلچل سی ہوئی پیکرِ عالم کی رگوں میں | ||
آفاق کے سینے میں دھڑکنے لگیں کرنیں | ||
"شیرازۂ کُن" ڈھل بھی گیا تھا فَیکُوں میں | ||
ہر سمت بکھرنے لگیں وجدان کی کرنیں | ||
کرنوں سے کھلے رنگ تو رنگوں سے گلستاں | ||
بیدار ہوئی خواب سے خوشبوئے رگِ گُل | ||
خوشبو سے مہکنے لگا دامانِ بیاباں | ||
دامانِ بیاباں میں نہاں سینۂ برفاب | ||
برفاب کے سینے میں تلاطم بھی شرر بھی | ||
اعجازِ لبِ کُن سے ہوئے خلق بیک وقت | ||
صحرا بھی، سمندر بھی، کہستاں بھی، شجر بھی | ||
پھر حدتِ تخلیق کی شدت سے پگھل کر | ||
جاگے کئی طوفان ، تہِ سینۂ برفاب | ||
ہر موج تھی پروردۂ آغوشِ تلاطم! | ||
ہر قطرہ کا دل، صورتِ بے خوابئ سیماب | ||
شانوں پہ اٹھائے ہوئے بارِ کفِ سیلاب | ||
بے سمت بھٹکنے لگیں منہ زور ہوائیں | ||
منہ زور ہواؤں کے تھپیڑوں کی دھمک سے | ||
دل بن کے دھڑکنے لگیں بے رنگ فضائیں | ||
بے رنگ فضاؤں کے تحیر کی کسک میں | ||
پنہاں تھے شب و روز سے آلود زمانے | ||
بے اَنت زمانوں کے اُفق تھے نہ حدیں تھیں | ||
آخر دیا ترتیب انہیں دستِ قضا نے | ||
پھر چشمِ تحیّر نے یہ سوچا کہ فضا میں | ||
شادابئ گلزارِ طرب، کس کے لیے ہے؟ | ||
یہ کون ہُوا باعثِ تخلیقِ دوعالم! | ||
یہ ارض و سما کیوں ہیں، یہ سب کس کے لیے ہے؟ | ||
تزئینِ مہ و انجم ِ افلاک کا باعث | ||
ہے کون؟ جو خلوت کے حجابوں میں چھپا ہے؟ | ||
تخلیقِ رگ و ریشۂ کونین کا مقصد! | ||
ہے کیا؟ جو سرِ لوحِ شب و روز لکھا ہے؟ | ||
ہے کس کے لیے عشوۂ بلقیسِ تصور | ||
یہ غمزۂ رخسارِ جہاں کس کے لیے ہے؟ | ||
آرائش خال و خدِ ہستی کا سبب کون؟ | ||
یہ انجمنِ کون و مکاں کس کے لیے ہے؟ | ||
پھر ریشمِ انوار کا ملبوس پہن کر | ||
ظاہر ہوا اِک پیکرِ صد رنگ بصد ناز | ||
نکھرے کئی بکھرے ہوئے رنگوں کے مناظر | ||
فطرت کی تجلی ہوئی آمادۂ اعجاز | ||
وہ پیکرِ تقدیس وہ سرمایۂ تخلیق | ||
وہ قبلۂ جاں، مقصدِ تخلیقِ دوعالم | ||
وِجدان کا معیار، مہ و مہر کا محور | ||
وہ قافلہ سالارِ مزاجِ بنی آدم | ||
وہ منزلِ اربابِ نظر، فکر کی تجسیم | ||
وہ کعبۂ تقدیرِ دو عالم، رُخِ احساس | ||
وہ بزمِ شب و روز کا سلطانِ معظم | ||
وہ رونقِ رُخسارۂ فیروزہ و الماس | ||
وہ شعلگئ شمعِ حرم، تابشِ خورشید | ||
وہ آئینۂ حسنِ رُخِ اَرض و سماوات | ||
وہ، جس سے رواں موجِ تبسم کی سبیلیں | ||
وہ جس کے تکلم کی دَھنک چشمۂ آیات | ||
وہ جس کا ثناخوان دلِ فطرت کا تکلُّم! | ||
ہستی کے مناظر، خمِ ابرو کے اشارے | ||
آفاق ہیں دامن کی صباحت پہ تصدق | ||
قدموں کے نشاں ڈھونڈتے پھرتے ہیں ستارے | ||
اُس رحمتِ عالم کا قصیدہ کہوں کیسے؟ | ||
جو مہرِ عنایات بھی ہو، ابرِ کرم بھی | ||
کیا اُس کے لیے نذر کروں جس کی ثنا میں | ||
سجدے میں ہوں الفاظ بھی، سطریں بھی قلم بھی! | ||
چہرہ ہے کہ انوارِ دو عالم کا صحیفہ | ||
آنکھیں ہیں کہ بحرینِ تقدس کے نگیں ہیں | ||
ماتھا ہے، کہ وحدت کی تجلی کا ورق ہے | ||
عارض ہیں کہ "والفجر" کی آیت کے اَمیں ہیں | ||
گیسو ہیں کہ "واللیل" کے بکھرے ہوئے سائے | ||
اَبرو ہیں کہ قوسینِ شبِ قدر کھلے ہیں | ||
گردن ہے کہ بر فرقِ زمین اَوجِ ثریا | ||
لب، صورتِ یاقوت شعاعوں میں دُھلے ہیں | ||
قد ہے کہ نبوت کے خدو خال کا معیار | ||
بازو ہیں کہ توحید کی عظمت کے علم ہیں | ||
سینہ ہے کہ رمزِ دلِ ہستی کا خزینہ | ||
پلکیں ہیں کہ الفاظِ رُخِ لوح و قلم ہیں | ||
باتیں کہ طوبیٰ کی چٹکتی ہوئی کلیاں | ||
لہجہ ہے کہ یزداں کی زباں بول رہی ہے | ||
خطبے ہیں کہ ساون کے اُمنڈتے ہوئے دریا | ||
قرأت ہے کہ اسرارِ جہاں کھول رہی ہے | ||
یہ دانت، یہ شیرازۂ شبنم کے تراشے | ||
یاقوت کی وادی میں دمکتے ہوئے ہیرے | ||
شرمندۂ تابِ لب و دندان پیمبر ؐ | ||
حرفے بہ ثناخوانی و خامہ بہ صریرے | ||
یہ موجِ تبسم ہے کہ رنگوں کی دھنک ہے | ||
یہ عکسِ متانت ہے کہ ٹھہرا ہوا موسم | ||
یہ شکر کے سجدے ہیں کہ آیات کی تنزیل | ||
یہ آنکھ میں آنسو ہیں کہ الہام کی رِم جھم | ||
یہ ہاتھ یہ کونین کی تقدیر کے اوراق | ||
یہ خط، یہ خدو خالِ رُخِ مصحف و انجیل | ||
یہ پاؤں یہ مہتاب کی کرنوں کے معابد | ||
یہ نقشِ قدم، بوسہ گہِ رَف رَف و جبریل | ||
یہ رفعتِ دستار ہے یا اوجِ تخیّل! | ||
یہ بندِ قبا ہے کہ شگفتِ گُلِ ناہید | ||
یہ سایۂ داماں ہے کہ پھیلا ہوا بادل | ||
یہ صبحِ گریباں ہے کہ خمیازۂ خورشید | ||
یہ دوش پہ چادر ہے کہ بخشش کی گھٹا ہے | ||
یہ مہرِ نبوت ہے کہ نقشِ دل مہتاب | ||
رخسار کی ضو ہے کہ نمو صبحِ ازل کی | ||
آنکھوں کی ملاحت ہے، کہ رُوئے شبِ کم خواب | ||
ہر نقشِ بدن اتنا مناسب ہے کہ جیسے | ||
تزئینِ شب و روز کہ تمثیلِ مہ و سال | ||
ملبوسِ کہن یوں شکن آلود ہے جیسے | ||
ترتیب سے پہلے رُخِ ہستی کے خدو خال | ||
رفتار میں افلاک کی گردش کا تصور | ||
کردار میں شامل بنی ہاشم کی اَنا ہے | ||
گفتار کی قرآں کی صداقت کا تیقّن | ||
معیار میں گردُوں کی بلندی کفِ پا ہے | ||
وہ فکر کہ خود عقل بشر سر بگریباں | ||
وہ فقر کہ ٹھوکر میں ہے دنیا کی بلندی | ||
وہ شکر کہ خالق بھی ترے شکر کا ممنون | ||
وہ حُسن کہ یوسف ؑ بھی کرے آئینہ بندی | ||
وہ علم کہ قرآں تری عترت کا قصیدہ | ||
وہ حِلم کہ دشمن کو بھی امیدِ کرم ہے | ||
وہ صبر کہ شبیر ؑ تِری شاخِ ثمردار | ||
وہ ضبط کہ جس ضبط میں عرفانِ اُمم ہے | ||
"اورنگِ سلیماں" تِری نعلین کا خاکہ | ||
"اعجاز مسیحا" تِری بکھری ہوئی خوشبو | ||
"حُسن یدِ بیضا" تِری دہلیز کی خیرات | ||
کونین کی سج دھن تِری آرائشِ گیسو | ||
سرچشمۂ کوثر تِرے سینے کا پسینہ | ||
سایہ تِری دیوار کا معیارِ اِرَم ہے | ||
ذرّے تِری گلیوں کے مہ و انجمِ افلاک | ||
"سورج" تِرے رہوار کا اِک نقشِ قدم ہے | ||
دنیا کے سلاطیں، تِرے جارُوب کشوں میں | ||
عالم کے سکندر، تِری چوکھٹ کے بھکاری | ||
گردُوں کی بلندی، تِری پاپوش کی پستی | ||
جبریل ؑ کے شہپر تِرے بچوں کی سواری | ||
دھرتی کے ذوِی العدل، تِرے حاشیہ بردار | ||
فردوس کی حوریں، تِری بیٹی کی کنیزیں | ||
کوثر ہو، گلستانِ ارم ہو کہ وہ طوبیٰ | ||
لگتی تِرے شہر کی بکھری ہوئی چیزیں | ||
ظاہر ہو تو ہر برگِ گلِ تَر تِری خوشبو | ||
غائب ہو تو دنیا کو سراپا نہیں ملتا | ||
وہ اِسم، کہ جس اِسم کو لب چوم لیں ہر بار | ||
وہ جسم کہ سورج کو بھی سایہ نہیں ملتا | ||
احساس کے شعلوں میں پگھلتا ہوا سورج | ||
انفاس کی شبنم میں ٹھٹھرتی ہوئی خوشبو | ||
الہام کی بارش میں یہ بھیگے ہوئے الفاظ | ||
اندازِ نگارش میں یہ حُسنِ رمِ آہُو! | ||
حیدر ؑ تِری ہیبت ہے تو حسنین ؑ تِرا حُسن | ||
اصحاب وفادار تو نائب تِرے معصوم | ||
سلمیٰ ؑ تِری عصمت ہے، خدیجہ ؑ تِری توقیر | ||
زہرا ؑ تِری قسمت ہے تو زینب ؑ تِرا مقسوم | ||
کس رنگ سے ترتیب تجھے دیجیے مولا؟ | ||
تنویر، کہ تصویر، تصوّر کہ مصوّر؟ | ||
کس نام سے امداد طلب کیجیے تجھ سے | ||
یٰسین کہ طٰہٰ کہ مزمّل کہ مدثّر؟ | ||
پیدا تِری خاطر ہوئے اطراف دوعالم | ||
کونین کی وسعت کا فسوں تیرے لیے ہے | ||
ہر بحر کی موجوں میں تلاطم تِری خاطر | ||
ہر جھیل کے سینے میں سکوں تیرے لیے ہے | ||
ہر پھول کی خوشبو تِرے دامن سے ہے منسوب | ||
ہر خار میں چاہت کی کھٹک تیرے لیے ہے | ||
ہر دشت و بیاباں کی خموشی میں تِرا راز | ||
ہر شاخ میں زلفوں سی لٹک تیرے لیے ہے | ||
"دِن" تیری صباحت ہے تو شب تیری ملاحت | ||
گُل تیرا تبسم ہے ، ستارے تِرے آنسو | ||
آغازِ بہاراں تِری انگڑائی کی تصویر | ||
دلدارئ باراں تِرے بھیگے ہوئے گیسو | ||
کہسار کے جھرنے، تِرے ماتھے کی شعاعیں | ||
یہ قوسِ قزح، عارضِ رنگیں کی شکن ہے | ||
" یہ کاہکشاں" دُھول ہے نقشِ کفِ پا کی | ||
ثقلین تِرا صدقۂ انوارِبدن ہے | ||
ہر شہر کی رونق تِرے رَستے کی جمی دھول | ||
ہر بَن کی اُداسی، تِری آہٹ کی تھکن ہے | ||
جنگل کی فضا تیری متانت کی علامت | ||
بستی کی پھبن تیرے تبسم کی کرن ہے | ||
میداں تِرے بوذرؔ کی حکومت کے مضافات | ||
کہسار تِرے قنبرؔ و سلماںؔ کے بسیرے | ||
صحراِ تِرے حبشیؔ کی محبت کی مُصلّے! | ||
گلزار تِرے میثمؔ و مقدادؔ کے ڈیرے | ||
کیا ذہن میں آئے کہ تو اُترا تھا کہاں سے؟ | ||
کیا کوئی بتائے تِری سرحد ہے کہاں تک؟ | ||
پہنچی ہے جہاں پر تِری نعلین کی مٹی | ||
خاکسترِ جبریل بھی پہنچے نہ وہاں تک | ||
سوچیں تو خدائی تِری مرہونِ تصوّر | ||
دیکھیں تو خدائی سے ہر انداز جدا ہے | ||
یہ کام بشر کا ہے نہ جبریل ؑ کے بس میں | ||
تُو خود ہی بتا اے مِرے مولاؐ کہ تو کیا ہے؟ | ||
کہنے کو تو ملبوسِ بشر اوڑھ کے آیا | ||
لیکن تِرے احکام فلک پر بھی چلے ہیں | ||
اُنگلی کا اشارہ تھا کہ تقدیر کی ضربت | ||
مہتاب کے ٹکڑے تِری جھولی میں گِرے ہیں | ||
کہنے کو تو بستر بھی میسر نہ تھا تجھ کو | ||
لیکن تِری دہلیز پہ اُترے ہیں ستارے | ||
انبوہِ ملائک نے ہمیشہ تِری خاطر | ||
پلکوں سے تِرے شہر کے رَستے بھی سنوارے | ||
کہنے کو تو فاقوں پہ بھی گزریں تِری راتیں | ||
اسلام مگر اب بھی نمک خوار ہے تیرا | ||
تُو نے ہی سکھائی ہے تمیزِ من و یزداں | ||
انسان کی گردن پہ سدا بار ہے تیرا | ||
کہنے کو تِرے سر پہ ہے دستارِ یتیمی | ||
لیکن تو زمانے کے یتیموں کا سہارا | ||
کہنے کو تِرا فقر تِرے فخر کا باعث | ||
لیکن تُو سخاوت کے سمندر کا کنارا | ||
کہنے کو تو ہجرت بھی گوارا تجھے لیکن | ||
عالم کا دھڑکتا ہوا دل تیرا مکاں ہے | ||
کہنے کو تو مسکن تھا تِرا دشت میں لیکن | ||
ہر ذرّہ تِری بخششِ پیہم کا فشاں ہے | ||
کہنے کو تو اِک "غارِ حرا" میں تِری مسند | ||
لیکن یہ فلک بھی تِری نظروں میں "کفِ خاک" | ||
کہنے کو تو "خاموش" مگر جنبشِ لب سے | ||
دامانِ عرب گرد، گریبانِ عجم چاک | ||
اے فکرِ مکمل، رُخِ فطرت، لبِ عالم | ||
اے ہادئ کل، ختمِ رُسل، رحمتِ پیہم | ||
اے واقفِ معراجِ بشر، وارثِ کونین | ||
اے مقصدِ تخلیقِ زماں حُسنِ مجسّم | ||
نسل بنی آدم کے حسیں قافلہ سالار | ||
انبوہِ ملائک کے لیے ظلِّ الٰہی ! | ||
پیغمبرِ فردوسِ بریں، ساقئ کوثر | ||
اے منزلِ ادراکِ دل و دیدہ پناہی | ||
اے باعثِ آئینِ شب و روزِ خلائق | ||
اے حلقۂ ارواحِ مقدّس کے پیمبر | ||
اے تاجورِ بزمِ شریعت، مرے آقاؐ | ||
اے عارفِ معراج بشر، صاحبِ منبر | ||
اے سید و سرخیل و سرافراز و سخن ساز | ||
اے صادق و سجاد و سخی ، صاحبِ اسرار | ||
اے فکرِ جہاں زیب وجہاں گیر و جہاں تاب | ||
اے فقرِ جہاں سوز و جہاں ساز و جہاں دار | ||
اے صابر و صنّاع و صمیم و صفِ اوصاف | ||
اے سرورِ کونین و سمیع ِ یمِ اَصوات | ||
میزانِ اَنا، مکتبِ پندارِ تیقّن! | ||
اعزازِ خودی، مصدرِ صد رُشد و ہدایات | ||
اے شاکر و مشکور و شکیلِ شبِ عالم | ||
اے ناصر ؔ و منصور ؔ و نصیرِ دلِ انساں | ||
اے شاہدؔ و مشہودؔ و شہیدِ رُخِ توحید | ||
اے ناظرؔ و منظورؔ و نظیرِ لبِ یزداں | ||
اے یوسف ؑو یعقوب ؑکی اُمید کا محور | ||
اے بابِ مناجاتِ دلِ یونس ؑو ادریسؑ | ||
اے نوح ؑ کی کشتی کے لیے ساحلِ تسکیں | ||
اے قبلۂ حاجاتِ سلیماںؑ ، شہِ بلقیسؑ | ||
اے والئ یثرب! مِری فریاد بھی سُن لے | ||
اے وارثِ کونین ! میں لب کھول رہا ہوں | ||
زخمی ہے زباں، خامۂ دل خون میں تر ہے | ||
شاعر ہوں مگر دیکھ میں سچ بول رہا ہوں | ||
تُو نے تو مجھے اپنے معارف سے نوازا | ||
لیکن میں ابھی خود سے شناسا بھی نہیں ہوں | ||
تُونے تو عطا کی تھی مجھے دولتِ عرفاں | ||
لیکن میں جہالت کے اندھیروں میں گھِرا ہوں | ||
بخشش کا سمندر تھا تِرا لطف و کرم بھی | ||
لیکن میں تِرا لطف و کرم بھول چکا ہوں | ||
بکھری ہے کچھ ایسے شبِ تیرہ کی سیاہی | ||
میں شعلگئ شمعِ حرم بھول چکا ہوں | ||
تُو نے تو مجھے کفر کی پستی سے نکالا | ||
میں پھر بھی رہا قامتِ الحاد کا پابند | ||
تُو نے تو مِرے زخم کو شبنم کی زبان دی | ||
میں پھر بھی تڑپتا ہی رہا صورتِ اَسپند | ||
تُو نے تو مجھے نکتۂ شیریں بھی بتایا | ||
میں پھر بھی رہا معتقدِ تلخ کلامی | ||
تُو نے تو مِرا داغِ جبیں دھو بھی دیا تھا | ||
میں پھر بھی رہا صید و ثناخوانِ غلامی | ||
تُو نے تو مسلط کیا اَفلاک پہ مجھ کو | ||
میں پھر بھی رہا خاک کے ذرّوں کا پجاری | ||
تُونے تو ستارے بھی نچھاور کیے مجھ پر | ||
میں پھر بھی رہا تیرگئ شب کا شکاری | ||
تُو نے تو مجھے درسِ مساوات دیا تھا | ||
میں پھر بھی مَن و تُو کے مراحل میں رہا ہوں | ||
تُو نے تو جدا کرکے دکھایا حق و باطل | ||
میں پھر بھی تمیزِ حق و باطل میں رہا ہوں | ||
تُو نے تو کہا تھا کہ زمیں سب کے لیے ہے | ||
میں نے کئی خطوں میں اسے بانٹ دیا ہے | ||
تُو نے جسے ٹھوکر کے بھی قابل نہیں سمجھا | ||
میں نے اُسی کنکر کو گہر مان لیا ہے | ||
تُو نے تو کہا تھا کہ زمانے کا خداوند | ||
اِنساں کے خیالوں میں کبھی آ نہیں سکتا | ||
لیکن میں جہالت کے سبب صرف یہ سمجھا | ||
وہ کیسا خدا؟ جس کو بشر پا نہیں سکتا | ||
تُو نے تو کہا تھا کہ وہ اُونچا ہے خرد سے | ||
میں نے یہی چاہا کہ اُتر آئے وہ خرد میں | ||
تُو نے کہا تھا کہ "اَحد" ہے وہ اَزل سے | ||
میں نے اُسے ڈھونڈا ہے سدا "حس و عدد" میں | ||
اب یہ ہے کہ دنیا ہے مِری تیرہ و تاریک | ||
سایہ غمِ دوراں کا محیطِ دل و جاں ہے | ||
ہر لمحہ اُداسی کے تصرف میں ہے احساس | ||
تا حدِّ نظر خوفِ مسلسل کا دھواں ہے | ||
صحرائے غم و یاس میں پھیلی ہے کڑی دھوپ | ||
کچھ لمسِ کفِ موجِ صبا تک نہیں ملتا | ||
بے اَنت سرابوں میں کہاں جادۂ منزل | ||
اپنا ہی نشانِ کفِ پا تک نہیں ملتا | ||
اَعصاب شکستہ ہیں تو چھلنی ہیں نگاہیں | ||
احساسِ بہاراں نہ غمِ فصلِ خزاں ہے | ||
آندھی کی ہتھیلی پہ ہے جگنو کی طرح دل | ||
شعلوں کے تصرف میں رگِ غنچۂ جاں ہے | ||
ہر سمت ہے رنج و غم و آلام کی بارش | ||
سینے میں ہر اِک سانس بھی نیزے کی اَنی ہے | ||
اب آنکھ کا آئینہ سنبھالوں میں کہاں تک | ||
جو اشک بھی بہتا ہے وہ ہیرےکی کنی ہے | ||
احباب بھی اعداء کی طرح تیر بکف ہیں | ||
اب موت بھٹکتی ہے صفِ چارہ گراں میں | ||
سنسان ہے مقتل کی طرح شہر تصوّر | ||
سہمی ہوئی رہتی ہے فغاں، خیمۂ جاں میں[1] |
حوالہ جات
- ↑ محسن نقوی، فرات فکر: ص22
مآخذ
- محسن نقوی، میراثِ محسن، لاہور، ماورا پبلشرز، ۲۰۰۷م.